لاہور: (نیا محاذ) بھارت کی جانب سے سائبر دہشتگردی کے بعد پاکستانی ہیکرز نے زبردست جوابی کارروائی کرتے ہوئے “آپریشن سالار” کا آغاز کر دیا، جس کے تحت چار بڑی بھارتی ویب سائٹس کو ہیک کر کے ان پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ہیکرز نے بھارتی آن لائن انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا اور حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر کے اسے پاکستانی شناخت کا نشان بنا دیا۔ ہیکرز نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ “آپریشن سالار” صرف ایک وارننگ ہے، انجام نہیں۔
ہیکرز کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی بھارت کی جانب سے سائبر حملوں، پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد، اور کشمیری عوام پر مسلسل ظلم کے ردعمل میں کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن اگر کوئی ہماری سالمیت، خودمختاری یا قومی وقار کو چیلنج کرے گا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
“آپریشن سالار” کو ایک مکمل سائبر جنگ کی ابتدائی جھلک قرار دیا جا رہا ہے، اور یہ پیغام ہے کہ پاکستان نہ صرف زمینی سرحدوں کی حفاظت کرتا ہے بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی اپنی خودمختاری کا دفاع کرنا جانتا ہے۔
سوشل میڈیا پر #OperationSalar کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو چکا ہے، جہاں صارفین پاکستانی ہیکرز کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں اور قوم کی ڈیجیٹل سرحدوں کے ان خاموش محافظوں کے جذبے کو سراہ رہے ہیں۔
