نئی دہلی: (نیا محاذ) پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدہ حالات کے دوران بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے کھل کر تنقید کی ہے۔ اداکارہ نے میڈیا کے جنگی جنون کو خطرناک قرار دیتے ہوئے عوام کو سنجیدہ اور سچ پر مبنی اطلاعات پر توجہ دینے کی اپیل کی۔
اپنے انسٹاگرام پیغام میں سوناکشی نے بھارتی نیوز چینلز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “ہمارے نیوز چینلز مذاق بن چکے ہیں! چیخ و پکار، بے بنیاد ویژولز اور جھوٹی خبروں سے تنگ آ چکی ہوں۔ بس سچ بولیں، جیسا ہے ویسا رپورٹ کریں۔”
سوناکشی نے کہا کہ جنگ جیسے حساس موضوع کو سنسنی خیز نہ بنایا جائے، کیونکہ اس وقت عوام پہلے ہی شدید دباؤ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “خدارا! لوگوں میں خوف مت پھیلائیں، ایک قابلِ بھروسہ ذریعہ تلاش کریں اور صرف اسی کو دیکھیں، باقی سب کچرا ہے!”
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی میڈیا نے پے در پے جھوٹی فتوحات اور ڈرامائی دعوے نشر کیے، جن میں پاکستانی اہداف کو تباہ کرنے اور مستقبل کی “جنگی حکمت عملی” پر بحث شامل تھی۔ یہاں تک کہ بھارتی وزارتِ دفاع کو میڈیا کو محتاط رپورٹنگ کے لیے تنبیہ جاری کرنا پڑی۔
سوناکشی سنہا کے اس دوٹوک مؤقف کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ کئی صارفین نے ان کی جرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نازک وقت میں سچ بولنے کا حوصلہ ہر کسی میں نہیں ہوتا۔
پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی میں بھارتی فوج کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائیاں کی ہیں، جن میں کئی بھارتی چیک پوسٹیں اور ڈرونز تباہ کیے گئے۔
خطے کی صورتحال اس وقت نہایت نازک ہے، ایسے میں سوناکشی سنہا جیسے عوامی چہروں کی آوازیں مزید اہمیت اختیار کر رہی ہیں جو امن، سچائی اور ذمے دار صحافت کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
