0

پاک بحریہ کا دوٹوک پیغام: دشمن کا ہر مس ایڈونچر ناکام بنانے کو تیار ہیں

اسلام آباد: (نیامحاذ) دشمن کے عزائم کو بروقت بھانپتے ہوئے پاک بحریہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اپنے جنگی جہازوں کو مخصوص مقامات پر تعینات کر دیا ہے تاکہ کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بھارتی بحریہ کے ایئرکرافٹ کیریئرز اور جنگی جہازوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ بھارتی بحریہ کی تعیناتی جارحیت پر مبنی ہے، تاہم ان کی موجودہ صلاحیت پاکستان کے لیے کسی حقیقی خطرے کی نمائندگی نہیں کرتی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس بھارتی بحریہ کے اثاثے پاکستان نیوی کے لیے ایک مؤثر اور پرکشش ہدف ثابت ہو سکتے ہیں، اور پاکستان بحریہ دشمن کے ہر اقدام کا فوری، بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ پر بھی ردعمل دیا جس میں بھارتی بیڑے کی پیش قدمی کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ ترجمان نے اسے بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی بندرگاہ پر حملے کا دعویٰ مضحکہ خیز اور بے بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میزائلوں کی جو رینج بتائی جا رہی ہے وہ بھی گمراہ کن ہے، اور پاکستان نیوی دشمن کے ہر مس ایڈونچر سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں