0

چین کی اپیل: پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کریں، بات چیت سے مسئلہ حل کریں

اسلام آباد: (نیامحاذ) پاکستان کی جانب سے “آپریشن بنیان مرصوص” کے آغاز کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر چین نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور سیاسی حل کی اپیل کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ چین خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور دونوں ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں کشیدگی کم کریں اور بات چیت کے ذریعے تنازع کو حل کریں۔
بیان میں زور دیا گیا کہ بھارت اور پاکستان ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے، کیونکہ موجودہ کشیدگی نہ صرف دونوں ممالک کے مفاد کے خلاف ہے بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے بھی خطرناک ہو سکتی ہے۔
چینی دفتر خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ عالمی برادری کی بھی یہی توقع ہے کہ دونوں ممالک تحمل سے کام لیں۔ چین نے کہا کہ وہ اس نازک موقع پر ایک تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی موقف ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں فیصلہ کن جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں