راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن “بنیان مرصوص” کے تحت بھارت میں اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان ایئر فورس کے JF-17 تھنڈر طیاروں نے ہائپر سونک میزائلوں کے ذریعے آدم پور میں بھارت کا جدید S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا۔ یہ سسٹم بھارت کی فضائی دفاع کا اہم ستون سمجھا جاتا تھا، جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سورت گڑھ ایئر فیلڈ بھی مکمل طور پر تباہ کر دی گئی، جس سے بھارت کی فضائی سرگرمیوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت کے بعد “آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت بیاس کے مقام پر براہموس میزائل سٹوریج سائٹ، ادھم پور اور پٹھان کوٹ ایئر بیس کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں نے بھارت کی عسکری طاقت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور خطے میں طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں جھک گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے مطابق یہ جوابی کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں اور بھارت کو واضح پیغام دیتی ہیں کہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
