0

امریکہ کا پاکستان سے رابطہ، کشیدگی کم کرنے پر زور، مارکو روبیو کی عسکری و سیاسی قیادت سے گفتگو

اسلام آباد: بھارت کی جارحیت کے بعد پاکستان کی جانب سے کیے گئے جوابی آپریشن “بنیان مرصوص” کے ردعمل میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق، مارکو روبیو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فون کر کے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور امن و استحکام کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔
اس کے ساتھ ہی امریکی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی بات کی اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان صرف اپنے دفاع کا حق استعمال کر رہا ہے اور اب گیند بھارت کے کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے مزید اشتعال انگیزی کی تو پاکستان بھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے امریکی ہم منصب کو بتایا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے تحت صرف ان بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر حملے کیے گئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے جنوبی ایشیا میں موجودہ صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں قریبی سفارتی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سے جاری جارحیت کے جواب میں بھرپور عسکری کارروائی شروع کی ہے، جس میں بھارت کے متعدد اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں