0

ملک میں شدید گرمی کے بعد بارشوں کی نوید، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

لاہور: (نیا محاذ) محکمہ موسمیات نے گرمی سے ستائے عوام کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بارشوں کا سسٹم آج پاکستان میں داخل ہو رہا ہے، جو یکم مئی سے 4 مئی تک مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں اور بارشوں کا باعث بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم مئی سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ پشاور، چترال، سوات، باجوڑ، دیر، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بنوں، کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں، اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
شدید گرمی برقرار، شہری ہوشیار رہیں
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی ملک کے زیادہ تر حصوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ سندھ میں پارہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند ہو سکتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان جیسے نسبتاً ٹھنڈے علاقوں میں بھی گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے۔
احتیاطی تدابیر
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں، ہلکے رنگوں والے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں، اور گرمی سے بچاؤ کے لیے ضروری تدابیر اختیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں