واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسئلے کا پرامن حل نکالیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر گہری نظر ہے اور وہ اس حوالے سے دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “دنیا پاکستان اور بھارت کی صورتحال کو بغور دیکھ رہی ہے۔”
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینا چاہیے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جلد دونوں ممالک کے حکام سے رابطہ کرکے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں بھارت اور پاکستان سے پہلگام واقعہ پر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنانے اور باہمی کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکا کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ممالک سے رابطے میں ہے اور کسی بھی ممکنہ بحران کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے گا۔
