نیا محاذ: اسلام آباد — پاکستان سے حج 2025 کا آپریشن باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے پہلی پرواز 428 عازمینِ حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے عازمین کو رخصت کیا۔
روانگی سے قبل منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت نے حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ہر حاجی کو خصوصی سم کارڈ فراہم کیا جائے گا، جب کہ راستہ بھولنے کی صورت میں ایک جدید موبائل ایپلیکیشن ان کی رہنمائی کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حج کے انتظامات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتر ہوں گے اور آئندہ سال ہر بڑے ایئرپورٹ سے براہ راست حج پروازیں روانہ کی جائیں گی تاکہ عازمین کو سفری سہولت میسر ہو۔
واضح رہے کہ حج آپریشن کا سلسلہ 31 مئی تک جاری رہے گا، جس دوران ہزاروں پاکستانی عازمین مختلف شہروں سے مقدس سرزمین کی جانب روانہ ہوں گے۔
