نیا محاذ: لاہور — لاہور کے مصروف ترین علاقے مال روڈ پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے 23 روز سے جاری دھرنے کو پولیس نے رات گئے آپریشن کلین اپ کے ذریعے ختم کر دیا۔ پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کر کے ٹینٹ اکھاڑ دیے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا۔
رات گئے شروع ہونے والے آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لیڈیز فورس نے بھی حصہ لیا۔ دھرنے میں شامل متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ پولیس نے دھرنے کے شرکا کے زیر استعمال علاقے کو مکمل طور پر خالی کروا لیا۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے خواتین کو ڈھال بنا کر پولیس اہلکاروں پر سرنجوں اور قینچیوں سے حملے کیے۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس سرکاری اسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاج کر رہا تھا۔ گزشتہ روز مظاہرین نے کلب چوک سے دھرنا ختم کرکے چیئرنگ کراس پر احتجاج جاری رکھا، جہاں سے انہیں ہٹانے کے لیے پولیس نے ایکشن لیا۔
دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعد گرینڈ ہیلتھ الائنس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسپتالوں کی ان ڈور سروسز بند کر دی ہیں اور ایمرجنسی سروسز بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
