0

پاکستان نے بھارتی براڈ کاسٹرز کے ویزے منسوخ کر کے ملک بدر کر دیے، پی ایس ایل 10 پر کوئی اثر نہیں پڑے گا

نیا محاذ: لاہور — پاکستان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے دوران کام کرنے والے 23 بھارتی براڈ کاسٹرز کے ویزے منسوخ کر کے انہیں ملک بدر کر دیا ہے۔ حکومتی ہدایت پر ان بھارتی عملے کے ارکان کو لاہور پولیس کی نگرانی میں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت روانہ کیا گیا۔
حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر متعلقہ اداروں نے کارروائی مکمل کی۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بھارتی جارحیت اور معاندانہ رویے کے پیش نظر کیا گیا تاکہ ملکی خودمختاری اور قومی وقار کا دفاع کیا جا سکے۔
پی سی بی نے کہا کہ یہ فیصلہ پاک بھارت کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاہم لیگ کی براڈکاسٹنگ پر اس اقدام کا کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ بورڈ نے فوری طور پر متبادل براڈ کاسٹرز کا انتظام کر لیا ہے، جو پی ایس ایل 10 کے باقی تمام میچز کو شیڈول کے مطابق براڈکاسٹ کریں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچز کے انعقاد اور نشریات میں کوئی خلل نہیں آئے گا اور شائقین کرکٹ کو مکمل تفریح فراہم کی جائے گی۔ اس فیصلے کے ذریعے بھارت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں