نیا محاذ: اسلام آباد — چین نے پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے سلامتی کے خدشات کو مکمل طور پر جائز قرار دیا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بیجنگ حکومت پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی کوششوں کی بھرپور تائید کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پہلگام واقعے کی شفاف، منصفانہ اور بروقت تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
اپنے بیان میں چینی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 غیر ملکی سیاح جاں بحق ہو گئے تھے۔ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا اور کئی سخت اقدامات کا اعلان کیا۔
پاکستان نے ان بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے نہ صرف بھرپور سفارتی حکمت عملی اپنائی بلکہ بھارت سے ہر قسم کی تجارت معطل کر دی، پاکستانی فضائی حدود بھارتی ایئرلائنز کے لیے بند کر دی اور بھارتی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے عالمی برادری سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور نائب وزیر اعظم نے دنیا بھر کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کر کے تازہ ترین صورتحال سے انہیں آگاہ کیا۔
