کراچی (نیا محاذ) – کراچی کے علاقے شریف آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 3 سالہ معصوم بچہ والدین کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کے والدین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اہلِ محلہ نے پولیس کو بیان دیا کہ بچہ اکثر ماں اور باپ دونوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنتا تھا۔ پولیس کے مطابق بچے کی والدہ نے دوسری شادی کی ہوئی تھی۔
مزید بتایا گیا کہ بدھ کی رات بچے کی حالت بگڑنے پر اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں والدین نے دعویٰ کیا کہ بچہ سیڑھیوں سے گرنے کے باعث زخمی ہوا۔ تاہم ابتدائی تحقیقات میں تشدد کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی کے تحت قبر کشائی بھی کی جا سکتی ہے۔
دورانِ تفتیش والدین نے بیان دیا کہ اُن کا مقصد بچے کو مارنے کا نہیں تھا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
