راولپنڈی (نیا محاذ) — خیبر پختونخوا کے اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے سرغنہ سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز 20 اور 21 اپریل کی درمیانی شب کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر رزمک (شمالی وزیرستان) اور جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد، جن میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل تھا، مارے گئے۔
فوجی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کئی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، جن میں سیکیورٹی فورسز پر حملے، بارودی سرنگیں بچھانا اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔ قوم کی دعائیں ان سپاہیوں کے ساتھ ہیں جو دن رات اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر وطن کا دفاع کر رہے ہیں۔
