0

جامشورو میں خوفناک حادثہ: مسافر وین پہاڑی سے گرنے سے 16 افراد جاں بحق، 30 زخمی

نیا محاذ: اندرونِ سندھ کے ضلع جامشورو میں افسوسناک حادثے کے دوران مسافر وین کے پہاڑی سے گرنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ 30 شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ المناک واقعہ تھانہ بولا خان کی حدود میں پیش آیا، جہاں کولہی برادری کے افراد سے بھری ایک مسافر وین، ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ وین میں خواتین، بچے اور دیگر مسافر سوار تھے جو لاپاری سے بدین واپس جا رہے تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ سانحہ اندرون سندھ کے پسماندہ علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے ناقص نظام اور حفاظتی اقدامات کے فقدان پر کئی سوالات اٹھا رہا ہے، جہاں آئے روز ایسے دلخراش واقعات سامنے آتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں