0

کرناٹک کے طلبہ کا انوکھا انداز: امتحانی کاپیوں میں جوابات کے بجائے درخواستیں اور نوٹ رکھ دیے

نیا محاذ: بھارتی ریاست کرناٹک میں دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں طلبہ نے امتحانی سوالات کے جوابات دینے کے بجائے کاپیوں میں عجیب و غریب گزارشات لکھ دیں اور ساتھ ہی رشوت کے طور پر کرنسی نوٹ بھی رکھ دیے۔ یہ مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں اور تعلیمی نظام پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔
ضلع بیلگام میں ہونے والے امتحانات کے دوران کئی طلبہ نے امتحانی پرچوں میں لکھا کہ انہیں پاس کر دیا جائے۔ ایک طالبعلم نے لکھا، ’’براہ کرم مجھے پاس کر دیں، میری محبت آپ کے ہاتھ میں ہے‘‘، اور اس کے ساتھ 500 روپے کا نوٹ بھی رکھ دیا۔

ایک اور امیدوار نے دلچسپ انداز اپناتے ہوئے لکھا، ’’سر! یہ 500 روپے سے چائے پی لیں اور مجھے پاس کر دیں۔‘‘
کچھ طلبہ نے جذباتی ہتھکنڈے آزماتے ہوئے لکھا کہ اگر انہیں فیل کیا گیا تو ان کے والدین انہیں مزید تعلیم کے لیے کالج نہیں بھیجیں گے۔ دیگر طلبہ نے کھلے عام رشوت کی پیشکش کی اور کہا کہ اگر انہیں پاس کر دیا گیا تو وہ مزید رقم بھی دینے کو تیار ہیں۔
ان امتحانی کاپیوں کی تصاویر اور تفصیلات اب انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ نہ صرف طلبہ کے رویے پر تنقید کر رہے ہیں بلکہ بھارت کے تعلیمی نظام کی شفافیت اور معیار پر بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں