بالاکوٹ: نیا محاذ کے مطابق شاہراہِ کاغان کو پانچ ماہ کی طویل بندش کے بعد ناران تک ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس سے سیاحت کے شوقین افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
گزشتہ برس نومبر میں شدید برفباری کے باعث شاہراہِ کاغان بند ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں ناران کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا تھا۔ تاہم، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے سخت محنت کے بعد برف اور گلیشیئرز کو کاٹ کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
اب ناران آنے والے سیاح قدرتی مناظر، برف پوش پہاڑوں اور یخ بستہ موسم کا بھرپور لطف اٹھا سکیں گے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وادی ناران میں سیاحوں کے لیے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، اور آئندہ تین روز میں تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق شاہراہِ کاغان کو بابوسر ٹاپ تک کھولنے کا عمل جاری ہے، اور توقع ہے کہ مئی کے آخر تک ناران سے بابوسر ٹاپ تک سڑک مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔
یہ پیش رفت نہ صرف سیاحوں کے لیے خوش آئند ہے بلکہ مقامی معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
