غزہ: نیا محاذ کے مطابق اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے دہشت گردی کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔ تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 30 بے گناہ فلسطینی شہید جبکہ درجنوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی افواج نے خان یونس، رفاح، شمالی غزہ، المواسی اور دیگر علاقوں کو بلا امتیاز نشانہ بنایا، جہاں گھروں، پناہ گاہوں اور اسپتالوں کے قریب بھی بمباری کی گئی۔ نہایت افسوسناک طور پر، اسرائیلی حملوں میں میڈیکل ٹیمز اور امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 15 طبی رضاکار شہید ہو گئے، جب کہ متعدد ایمبولینس گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
جنگ کے آغاز سے اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 51 ہزار 200 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 16 ہزار 869 ہو گئی ہے۔ ان اعداد و شمار نے اقوامِ عالم کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
غزہ میں جاری اس انسانی المیے پر دنیا بھر میں شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم عالمی برادری کی خاموشی بدستور افسوسناک ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل اپیل کر رہی ہیں کہ نہتے فلسطینیوں کو فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ممکن بنایا جائے۔
