کراچی (نیا محاذ) – پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا، اور مارکیٹ نے مثبت انداز میں دن کا آغاز کیا۔
ابتدائی کاروباری اوقات میں اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1,17,479 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی تھی، جب 100 انڈیکس 881 پوائنٹس بڑھ کر 116,901 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مارکیٹ میں لگاتار بہتری ملکی معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کر رہی ہے۔
ادھر انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کے نرخوں میں معمولی کمی دیکھی گئی، امریکی کرنسی 12 پیسے سستی ہو کر 280.50 روپے پر آ گئی، جو کہ گزشتہ روز 280.62 روپے پر بند ہوئی تھی۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی حالیہ بہتری اور کرنسی میں استحکام سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار موجودہ معاشی پالیسیوں کو مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔
