اسلام آباد (نیا محاذ / مدثر علی رانا) – آئندہ مالی سال کے لیے حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 11.2 فیصد مقرر کرنے پر باقاعدہ اتفاق ہو گیا ہے۔
ذرائع فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق یہ ہدف آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا تخمینہ لگا کر مقرر کیا جائے گا، جبکہ اس وقت ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 10.8 فیصد کے قریب پہنچ چکا ہے۔
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے لیے 10.6 فیصد کا ہدف رکھا گیا تھا جس کے حصول میں پیش رفت جاری ہے، جب کہ نئے مالی سال کے لیے اس تناسب میں 0.5 فیصد سے زائد اضافہ متفقہ طور پر طے پایا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق قرض پروگرام کے تحت ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 13 فیصد تک بڑھانے کا طویل المدتی ہدف ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر سال بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری ورچوئل مذاکرات میں آئندہ بجٹ کے اہداف پر بات چیت جاری ہے۔ جب بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے دی جائے گی تو قرض پروگرام کی دوسری قسط کی منظوری بھی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے متوقع ہے۔
