0

یمن کی بندرگاہ پر امریکی فضائی حملہ، 38 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

راس عیسیٰ (نیا محاذ) –یمن کی بندرگاہ پر امریکی فضائی حملہ: یمن کے علاقے راس عیسیٰ میں واقع تیل کی اہم بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں 38 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بندرگاہ پر کام کرنے والے ملازمین شامل ہیں۔
یہ ہلاکت خیز حملہ جمعرات کے روز پیش آیا، جس کی تصدیق حوثی وزارت صحت کے ترجمان نے سوشل میڈیا کے ذریعے کی۔ ترجمان کے مطابق امریکی جارحیت کا نشانہ بننے والے تمام افراد یمنی شہری تھے، جو بندرگاہ پر معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی حوثیوں کی ایندھن فراہمی کو محدود کرنے کے لیے کی گئی۔ امریکی فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کا مقصد یمنی عوام نہیں بلکہ حوثی جنگجوؤں کے مالی وسائل کو نشانہ بنانا ہے۔
امریکی افواج کے مطابق یہ کارروائیاں اس وقت شروع کی گئیں جب سے حوثیوں نے بحیرہ احمر اور دیگر بین الاقوامی آبی راستوں میں جہازوں کو نشانہ بنانا شروع کیا۔ امریکہ نے 15 مارچ سے باقاعدہ فضائی حملوں کا آغاز کیا، تاکہ حوثیوں کو خطے میں جہاز رانی کو نقصان پہنچانے سے روکا جا سکے۔
دوسری جانب حوثی جنگجو ان حملوں کو غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی قرار دیتے ہیں۔ ماضی میں وہ نہ صرف امریکی فوجی جہازوں بلکہ اسرائیل کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی کے باعث لاکھوں افراد پہلے ہی انسانی بحران کا شکار ہیں، اور اب ان فضائی حملوں سے معاشی بدحالی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں