0

ٹک ٹاک کا گوگل کو بڑا چیلنج: ویڈیوز کے ساتھ “ریویوز” فیچر متعارف

بیجنگ (نیا محاذ) – ٹک ٹاک کا گوگل کو بڑا چیلنج :ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک اب صرف تفریح تک محدود نہیں رہا، بلکہ گوگل جیسی بڑی ٹیک کمپنی کو براہ راست ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔ کمپنی نے اپنی ایپ میں نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس سے صارفین مخصوص مقامات کے ریویوز براہ راست ویڈیوز کے کمنٹس سیکشن میں دیکھ سکیں گے۔
یہ نیا فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، لیکن اسے گوگل میپس کے مقابلے میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔ اب ٹک ٹاک صارفین کو کسی بھی جگہ کے بارے میں سرچ کرنے کے لیے گوگل کھولنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف سینٹرل پارک نیویارک کی ویڈیو دیکھ رہا ہو، تو کمنٹس میں ایک علیحدہ “ریویوز” ٹیب ظاہر ہوگی جس میں دیگر صارفین کی اسٹار ریٹنگز، تصاویر اور تجربات موجود ہوں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارف کسی مقام کے بارے میں براہ راست جانچ، پرکھ اور دیگر لوگوں کی آراء حاصل کر سکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ ریویو دینے والے صارف کی پروفائل بھی دیکھ سکتے ہیں تاکہ تجربہ اور اعتبار کا اندازہ لگایا جا سکے۔
یہ نیا اضافہ دراصل ٹک ٹاک کی گوگل کو سرچ مارکیٹ میں پیچھے چھوڑنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ 2022 میں گوگل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تسلیم کیا تھا کہ نوجوان نسل سرچ کے لیے گوگل کی بجائے ٹک ٹاک کا زیادہ استعمال کر رہی ہے۔
ٹک ٹاک نے حال ہی میں امیج سرچ جیسا آپشن بھی متعارف کرایا ہے، جس سے اس کا دائرہ صرف ویڈیوز سے بڑھ کر ایک جامع سرچ انجن کی طرف جا رہا ہے۔
یہ سب ظاہر کرتا ہے کہ ٹک ٹاک اب صرف ویڈیوز کا پلیٹ فارم نہیں بلکہ معلومات اور سرچ کا نیا ذریعہ بھی بنتا جا رہا ہے، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں