0

غزہ میں ایک اور خونریز دن: بمباری سے 45 فلسطینی شہید، خیمہ بستیاں جل کر راکھ

غزہ (نیا محاذ) – غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا، پناہ گزینوں کے کیمپوں پر تازہ بمباری نے ایک بار پھر قیامت برپا کر دی۔ بمباری کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث مزید 45 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق شہداء میں ایک فلسطینی صحافی سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شامل ہیں۔ خان یونس اور المواصی کے علاقوں میں کئی خیمہ بستیاں مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔
غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 51 ہزار 25 تک جا پہنچی ہے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب شمالی غزہ میں حماس جنگجوؤں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج پر حملہ کیا، جس میں تین ٹینک تباہ کیے گئے۔ حماس نے واضح پیغام دیا ہے کہ جب تک اسرائیل غزہ سے مکمل انخلا نہیں کرتا، سیز فائر ممکن نہیں ہوگا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک بار پھر سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ کے زیر قبضہ علاقوں میں غیر معینہ مدت تک موجود رہیں گی، اور جب تک حالات قابو میں نہیں آتے، کسی بھی قسم کی انسانی امداد غزہ میں داخل نہیں ہونے دی جائے گی۔
غزہ میں اس انسانی بحران پر عالمی برادری کی خاموشی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ فلسطینی عوام مسلسل ظلم، خوف اور بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں