0

کانگو میں دل دہلا دینے والا کشتی حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد جاں بحق، 200 لاپتا

کانگو (نیا محاذ) – افریقی ملک کانگو کے شمال مغربی علاقے میں پیش آنے والے دلخراش کشتی حادثے نے پوری دنیا کو سوگوار کر دیا۔ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 50 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 200 سے زائد مسافر تاحال لاپتا ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر کشتی میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق ایک خاتون کشتی میں کھانا پکا رہی تھی کہ اچانک شعلے بھڑکنے لگے۔ آگ نے تیزی سے کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور کشتی الٹ گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جن کے نتیجے میں اب تک 100 افراد کو زندہ بچایا جا چکا ہے۔ تاہم کشتی میں سوار دیگر 200 افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مرنے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ لاپتا افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی خبر کے لیے بے قرار ہیں۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ کانگو میں کشتیوں کی حفاظت کے انتظامات پر ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گیا ہے، جہاں اس قسم کے حادثات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں