لاہور – نیا محاذ: فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر لاہور میں تاجر برادری نے آج مکمل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف یہ احتجاجی اقدام عوامی سطح پر فلسطینی عوام سے ہمدردی کے جذبے کا عکاس ہے۔
شہر کے معروف تجارتی مراکز جیسے ہال روڈ مارکیٹ، انار کلی، اردو بازار، اعظم کلاتھ مارکیٹ اور اندرون لاہور کی بیشتر مارکیٹیں بند رہیں گی۔ تاجر تنظیموں نے اس ہڑتال کو ایک پرامن احتجاج قرار دیا ہے، جس کا مقصد فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔
تاہم بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مارکیٹ معمول کے مطابق کھولیں گے، جس پر کچھ حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث مال برداری کا نظام بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
لاہور سمیت ملک بھر میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کی جا رہی ہے اور عوام حکومت پاکستان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کو مزید بھرپور انداز میں اجاگر کرے۔
