0

کراچی میں ٹریفک حادثات نے تین افراد کی جان لے لی

کراچی – نیا محاذ:کراچی میں ٹریفک حادثات: شہر قائد ایک بار پھر ٹریفک حادثات کی زد میں آ گیا، جہاں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پہلا افسوسناک واقعہ نیو کراچی صنعتی ایریا کے خمیسو گوٹھ چانڈیو چوک کے قریب پیش آیا، جہاں 60 سالہ عزیز اللہ ایک ٹرک کے نیچے کام کر رہا تھا کہ اچانک ٹرک حرکت میں آ گیا۔ ٹرک کے ٹائروں تلے آ کر وہ شدید زخمی ہوا اور اسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
دوسرا حادثہ لیاقت آباد تھانے کی حدود میں غریب آباد چوک پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق، 55 سالہ رفاقت سڑک عبور کر رہا تھا جب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ موٹر سائیکل پر سوار 40 سالہ عبد الرحمن شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تیسرا واقعہ سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں ایک نامعلوم گاڑی نے ایک شخص کو کچل دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی اور بظاہر وہ نشے کا عادی لگتا ہے۔ متوفی کے ورثاء کی تلاش جاری ہے جبکہ لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات شہریوں کی جان کے لیے مسلسل خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں