0

کراچی میں بڑی کامیابی: سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لیا

کراچی: (نیا محاذ) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں گھگر پھاٹک کے قریب ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھ ریوولوشنری آرمی (ایس آر اے) کے ایک سرگرم دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت سجاد شر عرف ببلو کے نام سے ہوئی ہے، جو کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈرز اصغر علی شاہ اور نور احمد چانڈیو کا قریبی ساتھی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ سجاد شر حیدرآباد کے قریب ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ نوجوانوں کو شدت پسندی کی طرف راغب کرنے اور ایس آر اے میں شمولیت کی ترغیب دینے میں بھی سرگرم تھا۔
سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ایک بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا بلکہ کالعدم نیٹ ورک کی سرگرمیوں پر بھی کاری ضرب لگائی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی گرفتاری سے دہشتگرد نیٹ ورک کے مزید اہم سرغنہ بھی قانون کی گرفت میں آئیں گے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی کا کہنا ہے کہ کراچی اور دیگر شہروں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
📌 رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں