0

ون ڈے کرکٹ میں نیا قانون؟ ایک اننگز میں دو گیندوں کا اصول تبدیل کرنے پر غور

لاہور: (نیا محاذ)ون ڈے کرکٹ میں نیا قانون؟ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ میں بیٹرز اور باؤلرز کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے ایک بڑی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے، جس کا تعلق ایک اننگز میں استعمال ہونے والی گیندوں سے ہے۔
گزشتہ ہفتے ہرارے میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ کے دوران یہ تجویز سامنے آئی کہ اننگز کے ابتدائی 34 اوورز تک دو مختلف گیندیں استعمال کی جائیں گی، لیکن 35ویں اوور کے بعد سے صرف ایک گیند سے کھیل جاری رکھا جائے گا۔
یہ تجویز سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی سربراہی میں قائم آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی نے پیش کی، جس کا مقصد کھیل میں بیٹرز کو حاصل برتری کو متوازن بنانا ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق اننگز کا آغاز دو گیندوں سے ہو گا، لیکن 34 اوور مکمل ہونے کے بعد فیلڈنگ سائیڈ یہ فیصلہ کرے گی کہ بقیہ اوورز کے لیے دونوں میں سے کون سی گیند استعمال کی جائے۔ جو گیند منتخب نہیں کی جائے گی، وہ اضافی گیند کے طور پر محفوظ رکھی جائے گی۔
ابتدائی طور پر کمیٹی نے 25 اوور کے بعد گیند کی تبدیلی کی تجویز دی تھی، لیکن کمیٹی ممبران نے ہی اس خیال کو رد کر دیا۔ اب یہ تجویز تمام رکن کرکٹ بورڈز کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ وہ ماہ رواں کے آخر تک اپنی رائے دے سکیں۔
اگر اس تجویز پر اتفاق رائے ہو گیا تو آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ جو جولائی میں منعقد ہو گی، اس میں اس قانون کو باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی۔
رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں