لاہور: (نیا محاذ)زلزلے: پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں زمین زلزلے سے لرز اٹھی، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسلام آباد، لاہور، پشاور، راولپنڈی، گجرات، ظفروال اور سرائے عالمگیر میں واضح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسی طرح مالاکنڈ، نوشہرہ، شانگلہ، چترال، لنڈی کوتل، مانسہرہ، سوات اور مردان کے علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔ ایبٹ آباد، ہری پور اور آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر سماہنی میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 121 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش، افغانستان کا علاقہ قرار دیا گیا ہے۔
عالمی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق افغانستان میں زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کے جھٹکے ازبکستان اور تاجکستان تک محسوس کیے گئے۔ تاہم خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ: نیا محاذ
