کراچی (نیا محاذ) – کراچی کورنگی کریک میں 18 روز سے لگی آگ آخرکار بجھ گئی، تاہم گیس کا اخراج بدستور جاری ہے جس کے باعث علاقے میں شدید بدبو پھیل چکی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو متاثرہ مقام کے قریب جانے سے روک دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
یہ واقعہ 29 مارچ کو اس وقت پیش آیا تھا جب ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے منصوبے کے تحت پانی کی بورنگ کے لیے 1200 فٹ گہرا گڑھا کھودا جا رہا تھا۔ کھدائی کے دوران زمین سے گیس کا اخراج شروع ہوا اور اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے کئی دنوں تک علاقے کو لپیٹ میں لیے رکھا۔
گزشتہ روز چیف سیکریٹری سندھ کے ترجمان نے بیان دیا تھا کہ آگ بجھانے کے عمل میں تیزی لانے اور گیس کے اخراج پر قابو پانے کے لیے امریکی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ آگ تو بجھ چکی ہے، تاہم گیس کے اخراج پر مکمل قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
