کراچی: (نیا محاذ) کراچی میں فائرنگ: شہر قائد ایک بار پھر گولیوں کی زد میں آ گیا، جوبلی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ایوب شہید ہو گئے۔ واقعہ نے شہر میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ چاکیواڑہ تھانے میں تعینات اہلکار ایوب کے ساتھ پیش آیا، جو اسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
فوری طور پر جائے وقوعہ پر پولیس کی نفری پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی تلاش کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
