بیجنگ: (نیا محاذ) ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) پر مبنی اسمارٹ گلاسز تیار کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا باب ثابت ہو سکتا ہے۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق، بائیٹ ڈانس اس وقت دو مختلف ماڈلز پر کام کر رہی ہے۔ اگرچہ یہ کمپنی پہلے بھی اے آئی ڈیوائسز بنا چکی ہے، لیکن اتنے بڑے پیمانے پر کسی ڈیوائس کی تیاری پہلی بار کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیٹ ڈانس نے اس پروجیکٹ کے لیے ماہر انجینئرز اور ٹیکنالوجی ایکسپرٹس کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ اسمارٹ گلاسز سے معیاری ویڈیوز اور تصاویر کی ریکارڈنگ ممکن بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ بیٹری لائف کو بھی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
یہ اسمارٹ گلاسز ایسے فیچرز سے لیس ہوں گے جو ویژن، ریکارڈنگ اور اے آئی کی طاقت کو یکجا کریں گے، تاکہ صارفین کو ایک جدید، سمارٹ اور ہلکی پھلکی ویئرایبل ڈیوائس فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ بائیٹ ڈانس نے اس اسمارٹ گلاسز پروجیکٹ پر 2024 سے باقاعدہ کام کا آغاز کیا تھا، اور اب یہ منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
