نیا محاذ:گوگل میپ پر اندھا یقین،انڈونیشیا کے صوبے جاوا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک شہری نے گوگل میپ پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی کو غلط راستے پر ڈال دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی نامکمل پل سے نیچے جا گری۔
61 سالہ ڈرائیور، روڈی ہیرو کومانڈونو، اپنے دوست کے گھر جا رہا تھا اور بی ایم ڈبلیو تھری سیریز کی ڈیش بورڈ پر نصب اسمارٹ فون سے راستہ دیکھ رہا تھا۔ گوگل میپ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وہ ایک ایسے راستے پر مڑ گیا جہاں پل کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی تھی۔
جیسے ہی گاڑی پل پر پہنچی، وہ تیزی سے 40 فٹ نیچے مصروف سڑک پر جا گری۔ خوش قسمتی سے، نیچے چلتی دیگر گاڑیوں سے تصادم نہیں ہوا اور ڈرائیور معمولی زخمی ہو کر محفوظ رہا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح گاڑی پل سے اچانک نیچے آ گری۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ٹیکنالوجی پر بھروسہ تو کیا جا سکتا ہے لیکن انسانی ہوش اور محتاط رویہ ہمیشہ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
