نیا محاذ –پی ایس ایل 10، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کرکٹ کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ اس بار چیمپئن ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ ساتھ خطیر انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ امریکی ڈالر یعنی تقریباً ساڑھے 14 کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ ڈالر (تقریباً 5 کروڑ 61 لاکھ روپے) انعام کے طور پر ملیں گے۔
پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن آج سے راولپنڈی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اس سیزن میں کل 34 میچز ہوں گے، جو 6 ٹیموں کے درمیان 18 مئی 2025 تک جاری رہیں گے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13 میچز ہوں گے، جن میں دونوں ایلیمینیٹرز اور فائنل بھی شامل ہیں۔
پی ایس ایل 10 میں شائقین نہ صرف اعلیٰ معیار کی کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے بلکہ ہر میچ میں نئے جوش و خروش اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید دلچسپ لمحات دیکھنے کو ملیں گے۔
