نیا محاذ – ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش،ملک بھر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے، مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں تیز بارش کے باعث سڑکیں جل تھل ہو گئیں، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں کینال روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، مال روڈ، جوہر ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، جھنگ، ملتان، سرگودھا، پتوکی، صفدر آباد، ننکانہ صاحب اور سانگلہ ہل سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ ٹانک شہر میں ژالہ باری کے ساتھ شدید بارش، جبکہ ہری پور اور کرک میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
تاہم، شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
