0

اتراکھنڈ میں شادی کی تقریب میں جوتا چھپائی کی رسم پر جھگڑا

نیامحاذ: جوتا چھپائی کی رسم پر جھگڑا،بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے شہر چکراتہ میں شادی کی ایک تقریب دوران جوتا چھپائی کی روایت کے باعث ایک سنگین جھگڑا سامنے آیا۔ انڈین میڈیا کے مطابق، محمد شبیر اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ بارات لے کر بجنور پہنچا جہاں شادی کی تمام رسومات ادا کی گئیں۔
دلہن کی بہنوں اور سہیلیوں نے جوتا چھپائی کی رسم کے دوران دولہے کے جوتے چھپا دیے اور اس کے بدلے 50 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ اس پر محمد شبیر نے 50 ہزار کی بجائے صرف 5 ہزار روپے دینے کی پیشکش کی، جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
اس دوران دلہن والوں نے باراتیوں کا مذاق اُڑاتے ہوئے انہیں بھکاری کہہ دیا، جس سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔ شبیر کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا کہ دلہن کے اہلخانہ نے انہیں ایک کمرے میں بند کر کے لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری طرف، دلہن کے اہلخانہ نے دعویٰ کیا کہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب باراتیوں نے تحائف میں دیے جانے والے سونے کے معیار اور قیمت کے بارے میں سوالات کیے۔
جب صورتحال بگڑ گئی تو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں فریقین کو تھانے منتقل کیا جہاں معاملے کی تحقیقات کی گئیں اور جلد ہی تصفیہ کر لیا گیا۔ تاہم یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہو سکی کہ آیا شادی کی تقریب جاری رہی یا اسے منسوخ کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں