جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس معطل
کوئٹہ (نیامحاذ) پاکستان ریلوے نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد کوئٹہ سے ملک بھر کے لیے ٹرین سروس معطل کر دی ہے۔
ریلوے حکام کا فیصلہ – سیکیورٹی کلیئرنس تک ٹرینیں بند
ریلوے ذرائع کے مطابق پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو 3 دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ کراچی جانے والی بولان میل کی سروس بھی روک دی گئی ہے۔ ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی کلیئرنس تک تمام مسافر اور مال بردار ٹرینیں معطل رہیں گی۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ہیلپ ڈیسک قائم
جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے مسافروں کے اہلخانہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈی ایس ریلوے نورالدین داوڑ کے مطابق ہیلپ ڈیسک کا پشاور اور کوئٹہ کنٹرول روم سے مسلسل رابطہ ہے۔
حملہ اور آپریشن کی تفصیلات
گزشتہ روز کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں 500 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ کلیئرنس آپریشن میں اب تک 27 دہشت گرد ہلاک جبکہ 155 مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔
ٹرین صبح ساڑھے نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی تھی، لیکن جیسے ہی وہ گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزری، نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ اس حملے میں ٹرین ڈرائیور شدید زخمی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن اب بھی جاری ہے، تاہم دہشت گردوں میں شامل خود کش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے، جس کے باعث انتہائی احتیاط کے ساتھ آپریشن کیا جا رہا ہے۔