واشنگٹن (نیا محاذ) – امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک مشتبہ چور نے پولیس کے ہاتھوں گرفتاری سے قبل تقریباً 7 لاکھ 69 ہزار 500 ڈالر (تقریباً 21 کروڑ 53 لاکھ روپے) مالیت کی چوری شدہ ہیرے کی بالیاں نگل لیں۔
اورلینڈو پولیس کے مطابق 32 سالہ جیتھن گلڈر پر الزام ہے کہ اس نے معروف جیولری برانڈ ٹفنی اینڈ کمپنی کے ملازمین کو یہ کہہ کر گمراہ کیا کہ وہ ایک “پروفیشنل ایتھلیٹ” کی جانب سے خریداری کر رہا ہے۔ اس دعوے کے بعد ملازمین نے اسے قیمتی زیورات دکھائے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گلڈر نے موقع ملتے ہی ہیرے کی بالیاں چرا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے گلڈر کو اسی دن گرفتار کر لیا، تاہم حراست میں لیے جانے سے پہلے وہ کچھ اشیاء نگلتا ہوا دیکھا گیا، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ چوری شدہ زیورات تھے۔ پولیس نے ایک ایکس رے رپورٹ بھی جاری کی، جس میں ایک مشتبہ شے اس کے پیٹ میں نظر آ رہی ہے، تاہم حکام نے تصدیق نہیں کی کہ آیا چوری شدہ زیورات برآمد ہو چکے ہیں یا نہیں۔
مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گلڈر پہلے بھی ٹفنی اینڈ کمپنی کے اسٹورز سے چوری کر چکا ہے۔ 2022 میں اس نے ٹیکساس میں ایک اسٹور کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ ریاست کولوراڈو میں اس کے خلاف 48 مختلف وارنٹ موجود ہیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے، جبکہ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا وہ کسی بڑے چوری گروہ سے منسلک ہے یا نہیں۔