0

وزیراعلیٰ مریم نواز کا مہنگائی کے سدباب کیلئے مؤثر کریک ڈاؤن

لاہور (نیامحاذ) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مہنگائی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا، جس کے تحت ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق، مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں انہوں نے ہدایت دی کہ گراں فروشی کے خلاف سخت مہم چلائی جائے، سرکاری نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں، ضروری اشیاء کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کو اس مہم کی ذاتی نگرانی کا حکم دیا، جبکہ فوڈ اتھارٹی کو کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں روٹی اور آٹے کے نرخ پر خصوصی نظر رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

رمضان المبارک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں پر سخت نظر رکھی جائے گی اور نرخ بڑھانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں رمضان کے دوران اشیاء کے نرخ کم کیے جاتے ہیں، ہمیں بھی عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ صوبے بھر میں سہولت بازاروں میں معیاری اشیاء کو مارکیٹ سے کم نرخ پر فراہم کیا جائے اور وہ خود روزانہ ڈیش بورڈ پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی بھی سطح پر کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں