0

زیادہ معاوضے ،مراعات کی خواہش ، آئرش کرکٹرز نے پاکستان سیریز سے قبل نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کردی

کرکٹ آئرلینڈ اور آئی سی اے دونوں نے جاری مذاکرات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا
ڈبلن (نیا محاز تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2024ء ) آئرلینڈ کے کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ آئر لینڈ کی جانب سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2024ء کے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش میں آئی سی سی فنڈنگ مارچ میں کلیئر ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے آئر لینڈ کے کھلاڑی گزشتہ برس کے سینٹرل کنٹریکٹس کے مطابق کھیل رہے ہیں۔
آئرش کرکٹ یونین (کرکٹ آئرلینڈ) نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی لیکن کرکٹرز نے اسے مسترد کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹرز معاوضوں میں اضافے اور دیگر مراعات کے خواہش مند ہیں اور آئرش کرکٹرز ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے طرف سے کرکٹ آئر لینڈ کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آئر لینڈ کے اخراجات بڑھنے اور فنڈنگ میں تاخیر ہونے سے معاملات تعطل کا شکار رہے لیکن اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو کھلاڑیوں کو یکم مارچ سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس ملیں گے۔

یاد رہے آئر لینڈ ٹیم نے کل بروز جمعرات پاکستان کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنا ہے، آئر لینڈ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد نیدرلینڈز کا دورہ کرے گی اور سہ فریقی سیریز کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے امریکا روانہ ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے تاحال سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں