لاہور(نیا محاذ) پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پنجاب میں پاور شیئرنگ پر بریک تھرو کا امکان پیدا ہوگیا، اس حوالے سے صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان آج ملاقات بھی ہوگی۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس کل گورنر ہاؤس میں ہوگا۔اجلاس میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، راجہ پرویز اشرف، مخدوم سید احمد محمود، ندیم افضل چن، سید حسن مرتضیٰ اور پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی کریں گے جبکہ ن لیگ کی طرف سے اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور مریم اورنگزیب شرکت کریں گی۔اجلاس میں پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مقامی سطح پر درپیش مسائل بارے مشاورت کی جائے گی جبکہ پیپلز پارٹی کے پنجاب میں ن لیگ سے تحفظات پر بھی بات ہوگی۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف میں ملاقات ہوگی، ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں پاور شیئرنگ پر بھی بات چیت ہوگی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معاملات کے حل کے لئے پیپلزپارٹی اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں پر اتفاق کیا تھا۔
0