لاڑکانہ (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان نے 3 عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق دنیا کے ہر خاندان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے خاندان کا نام عالمی سطح پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنے مگر لاڑکانہ کے ایک خاندان نے ایک نہیں3 عالمی ریکارڈ قائم کرکے انوکھی مثال قائم کر دی ہے۔
لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ٹیچر امیر آزاد منگی کی پیدائش، شادی ، اہلیہ کی پیدائش اور 7 بچوں کی پیدائش سمیت سب یکم اگست کو ہوئی، اب سالگرہ بھی سب گھر والے ایک ہی کیک پر مناتے ہیں۔امیر آزاد منگی کو شکوہ ہے کہ 3عالمی ایوارڈ حاصل کرنے کے باوجود حکومتی سطح پر ان کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے لاڑکانہ کے ممتاز اسکاؤٹ لیڈر نثار مغیری کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ اعزازات کا شہر رہا ہے، خواہ سیاسی ہو یا سماجی ہو، ماضی میں بھی لاڑکانہ نے عالمی اعزازات حاصل کیے ہیں جن میں ذوالفقار علی بھٹو کی اسلامی بلاک کیلئے ایٹمی ٹیکنالوجی، عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم سمیت بہت سے اعزازات حاصل کیے ہیں۔