0

شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے وٹس ایپ گروپس سے نکا ل دیاگیا

پارٹی نے متنازعہ بیانات دینے پر شیر افضل مروت کو پارٹی معاملات سے دوررکھنے کا فیصلہ کیاہے، عمران خان بھی شیر افضل مروت کی جانب سے دئیے گئے بیانات کی وجہ سے ان سے ناراض ہیں
اسلام آباد(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔09 مئی 2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے وٹس ایپ گروپس سے نکال دیاگیا ،پارٹی نے متنازعہ بیانات دینے پر شیر افضل مروت کو پارٹی معاملات سے دوررکھنے کا فیصلہ کیاہے،بتایاگیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی شیر افضل مروت کی جانب سے دئیے گئے بیانات کی وجہ سے ان سے ناراض ہیں اور اسی لئے انہوں نے اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت سے ملاقات کرنے سے انکار کیا ہے ۔
پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے شیر افضل مروت کو پارٹی معاملات سے دور رکھنے سمیت کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنے کی بھی تجویز دیدی ہے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کی جانب سے متنازع بیانات دینے پران کیخلاف ڈسپلنری ایکشن بھی لیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماﺅں نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی معاملات پر ہونے والی کسی مشاورتی کمیٹی میں نہ بلایا جائے اور انہیں مکمل سائیڈ لائن کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماءشیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ شبلی فراز اور عمرایوب نے عمران خان سے میری ملاقات کرانے سے منع کیا ہے ۔شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی رہنماﺅں پر سنگین الزامات عائد کئے تھے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آزادی والے ایجنڈے پر نکلا تھا وہ آج ختم ہوگیا۔میںاحتجاجاً اعلان کرتا ہوں کہ ان کے ساتھ کام نہیں کروں گا، یہ اپنے بیانات دے دیں پھر ان کا کچا چٹھا کھولوں گا،انہوں نے ہر معاملے پربانی پی ٹی آئی عمران خان کو گمراہ کیا ۔
شیر افضل مروت نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میرے اپنے لوگ ہماری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔اپنی ذات کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں کروں گا۔یہ لوگ آئیں اورپارٹی کی قیادت کریں۔ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے میدان میںنکلا تھا۔حقیقی آزادی کیلئے نکلا تھا۔ میں تو الیکشن بھی نہیں لڑنا چاہتا تھا لیکن عمران خان کے کہنے پر انتخابات میں حصہ لیا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا تھاکہ مجھے ابھی تک حیرت ہو رہی ہے کہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کو تبدیل کرنے پر ان کو کس نے اکسایا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں