کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے سفاری پارک میں مرنے والی ہتھنی سونیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق 8 دسمبر کو سفاری پارک میں موجود ہتھنی سونیا مرگئی تھی ، ہتھنی کی عمر 22 سے 23 سال کے درمیان تھی۔ہتھنی سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں تھیں جب کہ چند روز قبل چڑیا گھر سے ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔
ہتھنی سونیا کی موت کی وجہ جاننے کیلئے یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ڈاکٹر غلام مصطفیٰ کی سربراہی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کی رپورٹ اب سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہتھنی سونیا سے لیے گئے اجزاء میں مختلف بیکٹیریا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے ، سونیا کے پاؤں میں موجود پرانا پھوڑا بیکٹیریا کی بنیادی وجہ قراردیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھنی سونیا کو پھوڑے کے باعث شدید بیکٹیریل انفیکشن اور جان لیوا سیپسس (sepsis)کا سامنا ہوا۔
ذرائع کے مطابق پھوڑے کا علاج مدھوبالا کی منتقلی کے دوران حال ہی میں شروع کیا گیا تھا۔سونیا کی اموات غیر موزوں ماحول اور ناکافی نگہداشت کا نتیجہ ہیں۔ہتھنی سونیا کی موت کے بعد اب سفاری پارک میں 2 ہتھنیاں ملکہ اور مدھوبالا باقی رہ گئیں۔فور پاز نے ملکہ اور مدھوبالا کے لیے فوری اینٹی بائیوٹک علاج اور خون کے ٹیسٹ تجویز کیے ہیں اور ماہرین کی ٹیم جلد مزید معائنے کے لیے کراچی پہنچے گی۔
ہاتھیوں کی صحت کے لیے فٹ کیئر اور مناسب غذا نہایت ضروری ہے۔ فور پاز نے کے ایم سی کو ہاتھنیوں کے لیے خصوصی خوراک اور ماہر مشورے فراہم کیے ہیں۔