کراچی(نیا محاذ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ناراض ہو کر حکومت چھوڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو وزارتوں کا کبھی شوق نہیں، اسی لیے ہم واحد جماعت ہیں جو حکومت میں رہتے ہوئے بھی وزارتیں چھوڑ دیتے ہیں۔نجی ٹی وی چینل جیونیوز کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے کراچی کیمپس کے افتتاح کے موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے تو ملک ترقی کرے گا، کراچی کے بلدیاتی اختیارات ایک دھوکہ ہیں، کراچی میں جو بلدیاتی انتخابات کروائے گئے وہ انتخابات نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی سازش تھی جس میں جماعت اسلامی بھی برابر سے شریک رہی اسی لیے ہم نے اس کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فیصل واوڈا ایم کیو ایم کے نمائندے نہیں ہیں، ان کی اپنی سوچ اور ہماری اپنی سوچ ہے، ہمارا حکومتوں کے ساتھ رہنے اور حکومتوں سے نکلنے کا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا اسی لیے ہم جلد سے جلد اُن تمام جامعات کے کیمپس کراچی میں کھولنا چاہتے ہیں جو کراچی میں موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی کے تاجر پورے پاکستان کو چلاتے ہیں اسی طرح کراچی کے تعلیمی اداروں کو بھی ان کی شراکت کی ضرورت ہے کیوں کہ یہیں سے کراچی اور پاکستان کا مستقبل نکلتا ہے۔