ویانا(نیا محاذ)مالی فراڈ صرف پاکستان میں نہیں ہوتے، دنیا کے مہذب ممالک میں بھی بڑے پیمانے پر مالی فوائد کے حصول کے لئے انسان نت نئے طریقے اختیار کرتا ہے، یورپی ملک آسٹریا کے جوڑے کا مالی فائدے کے لئے 43 برس میں 12 بار شادی اور طلاق لینے کا انکشاف ہوا ہے۔آسٹریا کے شہر ویانا میں ان دنوں پولیس ایک ایسے جوڑے کے عجیب و غریب معاملے کی تفتیش کر رہی ہے جس نے 43 برس کے عرصے میں ناصرف بار بار شادیاں رچائیں بلکہ 12 بار طلاق بھی لی۔
ویانا پولیس حکام کے مطابق عجیب و غریب شادی اور طلاق کا بار بار چکر اس لئے چلایا تاکہ قانونی معاملات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر سرکار سے بھاری رقم لے کر ہڑپ کی جاسکے۔پولیس نے بتایا کہ بوڑھے جوڑے کی ایک کردار چالاک بیوی نے بڑی ہوشیاری کے ساتھ پہلی بار 1981 میں اپنے شوہر سے طلاق کے نام پر جعلی کاغذات صفائی سے تیار کرائے تاکہ 27 ہزار یورو کی بھاری رقم وصول کی جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق بزرگ خاتون کو ہر ڈھائی سال بعد بیوہ کی پنشن کا سالانہ اضافہ بھی وصول کرتی تھی، وہ اور اس کا شوہر مخصوص عرصہ کے بعد شادی اور طلاق کا چکر چلاتے تاکہ حکومت سے رقم وصول کی جاتی رہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ چالاک جوڑا گذشتہ 43 برس سے متعلقہ اداروں اور حکام کا کامیابی سے چکمہ دے رہا تھا تاہم اب معاملے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں، اورمعمر جوڑے کے کیس کا منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔