دبئی(نیا محاذ)آئی سی سی چیمپئِنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کے حوالے سے ہونے والا اجلاس ایک بار پھر ملتوی ہو گیا۔ نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آج کوئی میٹنگ شیڈول نہیں، معاملات کو فائنل کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی اورسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطے برقرار ہیں جبکہ پی سی بی اور بھارتی بورڈ کے درمیان بھی بات چیت جاری ہے۔ذرائع نے مزیز بتایا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول فائنل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر ہی بورڈ میٹنگ بلائی جائے گی۔براڈ کاسٹرز کی طرف سے بھی حتمی جواب کا انتظار ہے جبکہ بھارتی ٹیم کے پاکستان آمد سےانکار کے بعد انڈین بورڈ پول میچز کے ساتھ، سیمی فائنل اور فائنل بھی نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا خواہش مند ہے اور دبئی پاکستان اور بھارت کے میچ کا مجوزہ وینیو ہوسکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا اصرار ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں نہیں کھیلتی تو پھر ان کے میچز بھی نیوٹرل مقام پر ہی ہونے چاہئیں، پاکستانی ٹیم بھی آئی سی سی کے ایونٹس بھارت جاکر نہیں کھیلے گی۔ براڈ کاسٹرز کی اپنی شرائط ہیں جن کو سامنے رکھ کر چیزوں کو فائنل کیا جانا ہے۔