اسلام آباد(نیا محاذ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیر افضل مروت کے کیسز کی تفصیلات فراہمی کیس ڈی ایس پی کو سیل ایف آئی آر کی نقول جمع کرانے کی ہدایت کردی۔جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ مروت صاحب آپ کی پارٹی جب حکومت میں تھی وہ بھی یہی کرتی تھی،یہ سب ظلم اس وقت بھی ہورہاتھا اور ظلم آج بھی ہو رہا ہے۔نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیرافضل مروت کے کیسز کی تفصیلات فراہمی کیس کی سماعت ہوئی،اسلام آباد پولیس کی جانب سے تمام مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ۔ڈی ایس پی لیگل نے کہاکہ شیر افضل مروت کیخلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد15ہے، جتنی بھی ایف آئی آر ہیں وہ اس رپورٹ میں دے دی ہیں،جسٹس ارباب طاہر نے ڈی ایس پی سے استفسار کیا کہ اس رپورٹ میں کتنی ایف آئی آر سیل ہیں؟ڈی ایس پی صاحب آپ جائیں اور سیل ایف آئی آر کی نقل لیکر آئیں، عدالت نے ڈی ایس پی کو 11بجے تک سیل ایف آئی آر کی نقول جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ مروت صاحب آپ کی پارٹی جب حکومت میں تھی وہ بھی یہی کرتی تھی،یہ سب ظلم اس وقت بھی ہورہاتھا اور ظلم آج بھی ہو رہا ہے،شیر افضل مروت نے کہاکہ آپ کے گزشتہ آرڈر کے باوجود پولیس گرفتار کرنے کیلئے پہنچ گئی تھی،پنجاب پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی رپورٹ نہیں آئی،عدالت نے آئی جی پنجاب کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے سماعت میں 11بجے تک وقفہ کردیا گیا۔
0