لاہور (نیا محاذ ) ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن، حنا پرویز بٹ نےصنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کے آغاز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد خواتین کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد میں کمی لانا ہے۔ یہ مہم 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری رہے گی۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ اتھارٹی نے آگاہی ورکشاپس، اور کمیونٹی لیول پر پروگرامز کا انعقاد کیا ہے تاکہ خواتین کو ان کے قانونی حقوق اور تحفظ کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنفی بنیادوں پر تشدد ایک سنگین مسئلہ ہے جو ہمارے معاشرتی ڈھانچے کو کمزور کررہا ہے۔ “یہ 16 روزہ مہم ہمیں یہ موقع فراہم کر رہی ہے کہ ایسی ورکشاپس اور کمیونٹی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے جس میں عوام کو آگاہی فراہم کی جائے کہ کیسے رویوں میں مثبت تبدیلی سے خواتین کے لیے محفوظ ماحول تشکیل دیا جا سکتا ہے۔”
ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی سرگرمیاں اس مہم کے دوران خواتین کی مدد کے لیے ہیلپ لائنز، قانونی مشورے، اور نفسیاتی سپورٹ کے پروگراموں پر بھی مرکوز رہیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، مختلف علاقوں میں آگاہی واکس، سیمینارز، اور میڈیا کیمپینز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیا جا سکے۔
حنا پرویز بٹ نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ “یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم خواتین کے لیے ایک محفوظ اور باوقار معاشرہ تشکیل دیں۔”
یہ 16 روزہ مہم اقوام متحدہ کے تحت عالمی سطح پر منائی جاتی ہے، جس کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
0