0

آئینی بینچ کا روسٹر جاری، پاناما پیپرز سکینڈل سمیت دیگر کیسز آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(ڈنیا محاذ)سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سامنے پانامہ پیپرزسکینڈل کی تحقیقات، طلبہ یونینز کی بحالی اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت دیگر کیسز سماعت کیلئے مقرر کردیئے گئے۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق آئینی بینچ کے آئندہ ہفتے کا روسٹر جاری کر دیا گیا جس کے مطابق سپریم کورٹ کا 5 رکنی آئینی بینچ 25 سے 29 نومبر تک اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔جسٹس امین الدین خان آئینی بینچ کی سربراہی کریں گے جس میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

صحافیوں کو ایف آئی اے نوٹسز اور ہراساں کرنے کے خلاف ازخود نوٹس، اقلیتوں کے حقوق، گوردواروں کی بحالی اور سانحہ جڑانوالہ پر ازخو نوٹس اور نمونیا اور ہیپاٹائٹس سے اموات، ادویات کی قیمتوں پر ازخود نوٹس بھی سماعت کیلئے مقرر کر لیا گیا۔

پانامہ پیپرز سکینڈل کی تحقیقات کیلئے دائر جماعت اسلامی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرلی گئی جبکہ طلبہ یونینز پر پابندی کیخلاف درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کیلئے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ اردو کو سرکاری اداروں میں رائج کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد، صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی، تلور کے شکار پر پابندی، ملک میں جنگلات کی کٹائی اور موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے غیرفعال ہونے کی درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر لی گئیں۔وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈز اور فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے خلاف درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں